Love birds |
لوبرڈ کی مکمل معلومات
لو برڈ کی تمام نسلیں افریقی براعظم سے تعلق رکھتی ہیں۔ یہ ایک سخت جان پرندہ ہے۔ اِس کا نام لو برڈ یعنی پیار اور محبت والا پرندہ اِس لیے رکھا گیا کیونکہ یہ اپنے جیون ساتھی کے ساتھ ہمیشہ پیار محبت کرتا دیکھا گیا ۔ جنگلوں میں قدرتی طور پر یہ چھوٹے چھوٹے جھنڈ بنا کر رہتے ہیں اِن کا بریڈنگ سیزن ستمبر سے لے کر اپریل تک ہوتا ہے لیکن اگر آپ شیڈ کا ٹمپریچر کنٹرول کر سکتے ہیں اور خوراک کا اچھے سے خیال رکھ سکتے ہیں تو سارا سال بھی اِن سے بریڈ لے سکتے ہیں۔ لوبرڈ کی ایک کلچ میں انڈے دینے کی ایوریج چار سے چھ ہوتی ہے ۔ کراسنگ کے ایک ہفتے بعد فی میل انڈے دینا شروع کرتی ہے۔ ایک دن چھوڑ کر اگلے دن فی میل دوبارہ انڈا دیتی ہے۔اسی طرح تقریباََ اکیس دن بعد انڈوں سے بچے بھی ایک دن کے وقفے سے نکلتے ہیں۔ بچے 35 سے 40 دن بعد بڑے ہو کر مٹکی یا بوکس سے باہر نکلتے ہیں جنسی اعتبار سے افریقہ میں لو برڈ نو نسلوں میں پائے جاتے ہیں۔ تین نسلیں روزی فیس یا پیچ فیس یعنی( آڑو کے پھل جیسا چہرہ)، بلیک ماسکڈ یا پرسناٹا ، اور فشری نسل کے لوبرڈ اِن نسلوں کی دیکھ بال کرنا آسان ہوتا ہے اوریہ تینوں نسلیں انسانی ماحول میں آسانی سے ایڈجسٹ ہو جاتی ہیں اِس لیے یہ نسلیں زیادہ تر پالتو لوبرڈ کے طور پر عام نظر آتی ہیں۔ جنگلوں میں تو یہ تینوں نسلیں اپنے مخصوص قدرتی رنگوں میں پائی جاتی ہیں لیکن گھروں میں پالتو بنا کر بریڈ لینے سے اِن تینوں نسلوں کی بہت سے رنگوں کی میوٹیشن بن رہی ہیں۔ جنگلوں میں یہ تینوں نسلیں بیج ، پھل ، سبزیاں، اورگھاس کھاتے ہیں۔ باقی لوبرڈ کی چھ نسلیں دانہ پانی اور پھلوں کے ساتھ ساتھ کیڑے مکوڑے بھی کھاتے ہیں اور اپنے مخصوص پسندیدہ قدرتی ماحول میں رہنا پسند کرتے ہیں ۔جس کی وجہ سے اُن سے بریڈ لینا مشکل ہے۔
لو برڈ کا کاروبار
لو برڈ کا کاروبار کرنے کا آسان سا فارمولا ہے۔ سستے اور مہنگے لوبرڈ ایک جتنی اور ایک جیسی خوراک کھاتے ہیں۔ حفاظت بھی دونوں کی ایک جیسی کرنا پڑتی ہے۔ اگر آپ چار ،پانچ ہزار والا لو برڈ رکھیں گے تو اُس کے بچے بھی چار،پانچ ہزار میں فرخت ہوں گے اگر آپ چالیس، پچاس ہزار والا لوبرڈ رکھیں گے تو اُس کے بچے چالیس، پچاس ہزار کے فروخت ہوں گے ۔ یہ آپ نے طے کرنا ہے خوراک پر ہزار خرچ کر کے پانچ ہزار کمانا ہے یا پچاس ہزار۔روزی کولی ، یا روزی فیس کی اِس وقت مارکیٹ میں ڈیمانڈ کم ہے۔ اگر آپ مہنگے لوبرڈ کے بچے فوسٹر کر کے پلوانا چاہتے ہیں تو روزی فیس سب سے بہترین آپشن ہے۔ روزی فیس چار سے لے کر آٹھ بچے آسانی سے پال لیتا ہے۔ بلیک ماسک ، پرسناٹا فیملی کے برڈ ہیں اِن کی قیمت روزی کولی سے تھوڑی زیادہ ہوتی ہے۔اِن کی بھی اِس وقت مارکیٹ میں ڈیمانڈ کم ہے۔ جبکہ اِن دونوں نسلوں کی نسبت فشر ی میوٹیشن کی پرکشش اور خوبصورت رنگوں کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈمانڈ رہتی ہے ۔ اگر آپ کے پاس لو برڈ کو پالنے کا تجربہ نہیں تو کسی سے بریڈر پیئر ہر گز نہ لیں ۔ پہلے گرین فشر ، روزی کولی، یا بلیک ماسک اِن تینوں میں سے کسی بھی نسل کے دوسے تین میل فی میل کنفرم پٹھوں کے پیئر لے کر تجربہ حاصل کریں ۔ جب آپ کو تجربہ ہو جائے تو اچھی میوٹیشن کے پیئر رکھیں۔ جو سستے پیئر آپ کے ہوں اُن پیئر کو فوسٹر کے طور استعمال کر لیں ۔ ایک بات ہمیشہ دہن میں بٹھا لیں یا نوٹ کر لیں۔ پرندوں کے کاروبار کرنے کے لیے کبھی بھی ایک ہی نسل یا قسم کے پرندوں میں ساری جمع پونجی نا لگا دیں۔
میرا مشورہ ہے ہر قسم کے پرندوں کی ٹاپ میوٹیشن کے دس دس پیئر کا سٹ اپ لگائیں۔ مثلاََ دس جوڑے لوبرڈ کے لگا لو، دس جوڑے گولڈین کے لگا لو، دس جوڑے فون جاوا کے لگا لو، دس جوڑے پائیڈ ڈو کے لگا لو۔ اِسی طرح کم از کم چار پانچ قسم کے پرندے کے دس دس جوڑے شیڈ میں لگاؤ یا پھر اگر زیادہ سرمایہ لگانا چاہتے ہیں تو ساتھ پانچ چھ پئیر گرے پیرٹ، پانچ چھ پئیر پہاڑی یعنی کشمیری را طوطوں کے لگا لو ایسے آپ کبھی ناکام نہیں ہوں گے۔
نسٹنگ مٹیریل ، بوکس یا مٹکی اور کیج سائز
نسٹنگ مٹیریل کے لیے مونجھ کی گھاس یا کسی کھیت یا گرانڈ سے گدا گھاس ہے لے کر استعمال کر لیں گھاس کو اچھی طرح دھو کر دھوپ میں رکھ کر خشک کر کے استعمال کریں۔ اگر گاس نا ملے تو لوسن کو خشک کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ ناریل کا چھلکا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ ناریل کے چھلکے کو کونٹ کر نرم کر لیں پھر ہاتھ سے اِس طرح تنکا تنکا کر کے پانی میں اچھی طرح دھو کر دھوپ میں رکھ کر خشک کر کے استعمال کر لیں۔ یہاں ایک بات نوٹ کریں گرم علاقوں میں ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوتا ہے۔ ایسے علاقوں میں بریڈنگ سیزن میں تازہ ہری گھاس ، کھجور کے ہرے اور تازہ پتے ، سفیدے اور نیم کے درخت کے پتے دھو کر کیج میں رکھ دیں یا لوسن کیج میں رکھ دیا کریں یہ لوسن ، کھجور، سفیدے اور نیم کے پتوں کو کھائیں گے بھی اور گھونسلہ بنانے کے لیے بھی استعمال کریں گے۔ جس سے اِن کی بوکس میں نمی برقرار رہے گی۔ لوبرڈ بوکس ہو یا مٹکی دونوں میں اچھی بریڈ کرتے ہیں۔ لو برڈ گھونسلہ بنا کر بریڈ کرتے ہیں اِس لیے مٹکی یا بوکس کا سائز بڑا لیں ۔ بوکس لمبائی، چوڑائی اور انچائی میں کم از کم دس ضرب دس انچ کاہو۔ کوشش کریں بوکس شیشم یا کیکر کی سخت لکڑی کا بناہو، تا کہ لو برڈبوکس کتر کر خراب نہ کریں۔ بوکس میں تھوڑا سا کوپکس پوڈر چھڑک کر نسٹنگ مٹیریل بوکس کے چاروں طرف اورنیچے اِس طرح رکھیں کہ مٹکی یا بوکس کا پیندہ نیچے سے خالی نہ رہے ورنہ انڈے سردی لگنے کی وجہ سے خراب ہو سکتے ہیں۔ اگر مٹکی استعمال کرنا ہے توبڑے سوراخ والی مٹکی لیں یا خود کسی چیز سے سواخ بڑا کر لیں۔ تاکہ لو برڈ نسٹنگ مٹیریل آسانی سے مٹکی میں لے جا سکے۔ مٹکی میں بھی کوپکس پوڈر چھڑک کراِس طرح نیسٹنگ کر دیں۔ ٹھوڑی سا نسٹنگ مٹیریل کیج کے اندر رکھ دیں تاکہ باقی گھونسلے کی سیٹنگ لو برڈ اپنی مرضی سے کر سکیں۔ایک بات کا ہمیشہ خیال رکھیں، لو برڈ کے دس ماہ سے کم عمر کے بچوں کو بوکس یا مٹکی ہر گز نہ لگا کر دیں اگر لوبرڈ کم عمر میں بریڈ کریں گے تو ایگ بانڈنگ کی وجہ سے ایکسپائر ہو سکتے ہیں۔ اِس لیے بوکس یا مٹکی کیج میں اُس وقت لگائیں۔ جب بریڈنگ سیزن شروع ہو ، میل فی میل جوڑے کنفرم ہوں اور جوڑے کی عمر ایک سال یا دس ماہ سے زیادہ ہو۔بریڈ لینے سے پہلے لو برڈ کو آپ بڑے کالونی نما کیج میں رکھیں تاکہ یہ اچھی طرح اُڑ سکیں جس سے اِن کی صحت اچھی رہتی ہے ۔جب بریڈ لینا ہو تو ڈھیڈ ضرب دو یا ڈھیڈ ضرب تین فٹ کے کیج لے کر ہر جوڑے کو کیج بائی کیج کر کے بریڈ لیں۔ کیج میں دو یا تین سٹک مضبوتی سی لگائیں جن پر یہ بیٹھ سکیں۔ جب بچے سلف ہو کر بوکس سے باہر آ جائیں تو اگلی بریڈ لینے سے پہلے بوکس اور کیج کی اچھے سے صفائی کیا کریں۔
سیڈ مکس ،روزانہ کی خوراک
لو برڈ کے لیے مکس دانہ پرندوں کی دکان سے آپ کو آسانی سے مل جاتا ہے ۔ لیکن بازاری دانے میں سستی چیزوں کی مقدار زیادہ اور مہنگی چیزوں کی مقدار کم ہوتی ہے۔ اِس لیے دانہ خود تیار کریں تو زیادہ بہتر ہے دانہ تیار کرنے کے لیے آپ چاہیے ۔ چینا یعنی موٹی کنگنی ڈھیڈ کلو ، باریک کنگنی ، لال باریک کنگنی، باجرہ اور کنیری سیڈ یہ چاروں دانے آدھا آدھا کلو، سورج مکھی کے بیج ، جئی یا جؤ، چاول والی مونجی یہ تینوں چیزیں ایک ایک پاؤ اِس کے علاوہ کڑتم، بھنگ کے بیج، السی یہ تینوں چیزیں سو سو گرام لے کر تمام چیزوں کو اچھے سے مکس کر کے لو برڈ کو کھلائیں۔
لو برڈ کے لیے کیلشیم اور وٹامن
لوبرڈ سے اچھی بریڈ لینے کے لیے کیلشیم بہت ضروری ہے۔ ویسے تو آج کل پیرٹ کے لیے بازار میں کافی قسم کے وٹامن اور کیلشیم دستیاب ہیں جو زیادہ تر برڈ شاپ سے ہی ملتے ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو وہ خرید کر کھلا سکتے ہیں۔ گھر میں کیلشیم بنانے کا سستہ اور آسان طریقہ یہ ہے سمندری جھاگ کو کونٹ کر باریک کر لیں اُس میں ایک عدد کیلشیم بلاک بھی باریک کر کے مالا دیں۔پھر اِس کے اندر مو رنگا،سونف، کلونجی،کالی مرچ،میتھی اور سونڈھ والے پوڈر کے تین چمچ ملا دیں اور دو چمچ کالے نمک کے ملا دیں ۔ یہ مٹی کسی برتن میں ڈال کر ایک کیج میں رکھ دیں۔ لوبرڈ اپنی ضرورت کے مطابق کھاتے رہیں گے۔ ایک ہفتے بعد مٹی تبدیل کر دیا کریں۔
لو برڈ کے لئے انڈے والا فوڈ
سردیوں میں ہفتے میں دو سے تین دن اور گرمیوں میں ہفتے میں ایک دن ایگ فوڈ اپنے لو برڈ کو ضرور کھلایا کریں۔ایگ فوڈ بنانے کے لیے انڈے کو اچھی طرح ابال کر کش کر لیں ۔ پھر ڈبل روٹی یا خشک رس کو ہاتھ سے یا گرینڈر مشین سے چورا بنا لیں۔اگر آپ چاہیں تو اِس کے اندر سمندری جھاگ کو پوڈر، مورنگا،سونف، کلونجی،کالی مرچ،میتھی اور سونڈھ والا پوڈر آدھا چمچ ملا سکتے ہیں ۔ ایگ فوڈ کیج میں اتنا رکھیں جتنا لوبرڈ دو ،تین گھنٹے میں کھا کر ختم کر دیں۔ یعنی ایک پیر کو صرف دو چمچ دینا ہے۔ اگر بچوں والا پیئر ہے دو چمچ اور بڑھا دیں۔ ایک بات یاد رکھیں جب لوبرڈ کے انڈوں سے بچے نکل آئیں تو کوئی بھی گرم چیز ایگ فوڈ میں مکس کر کے نہ کھلائیں ۔ورنہ لوبرڈ اپنے بچے سلف کرنے سے پہلے دوبارہ ہیٹ پر آ کر بریڈنگ پر آسکتا ہے۔ اور پہلے والے بچے ایکسپائر ہو سکتے ہیں۔
لوبرڈ کے لئے سوفٹ فوڈ
سوفٹ فوڈ میں مکئی کا نرم بھٹہ آپ روزانہ لوبرڈ کو کھلا سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ گندم ، ثابت سبز مونگ ، کالے چنے،، مکئی اور چاول اور لوبیہ اِن تمام چیزوں کو برابر مقدار میں لے کر مکس کر کے اپنے پاس رکھ لیں۔ اگر اِن میں سے ایک آدھا چیز آپ کو نا ملے تو کوئی بات نہیں جتنی چیزیں مل جائیں اُتنی ہی لے کر مکس کر لیں۔ آپ کے لوبرڈ ایک دن میں جتنا سوفٹ فوڈ کھاتے ہیں اُس حساب سے دانہ نکال لیں۔ دانے کو پانی سے اچھی طرح دو صاف کر لیں اور پانی ڈال کر ایک چمچ سیب کا سرکہ اِس میں شامل کر کے رات کو رکھ دیں ۔صبح اِن دانوں کو اچھی طرح دھو کر دو منٹ کے لیے پانی میں ابال لیں پھر ٹھنڈا کر کے سوفٹ فوڈ والے برتن میں ڈال کر کیج میں رکھیں۔ آپ دانوں کو ثابت بھی کھلا سکتے ہیں۔ لیکن بہتر ہے آپ اِن دانوں کو تھوڑا سا میش کر لیں۔زیادہ میش نہیں کرنا بس اِتنا کریں کہ دانوں کے اوپر سے تھوڑے چھلکا اتر جائے۔ یہ آپ ایک دن کے وقفے سے لو برڈ کو کھلا سکتے ہیں۔ ایک پیئر کو تین چمچ اِس سوفٹ فوڈ کے کافی ہیں۔اگر بچوں والا پئیر ہے تو اُسے سوفٹ فوڈ تھوڑا زیادہ دے سکتے ہیں۔ اِس کے اُوپر آپ سمندری جھاگ اور انڈے کے چھلکے کا پوڈر بھی چھڑک کر کھلا سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اِن دانوں کا سپراؤٹ بنا کر بھی کھلا سکتے ہیں۔
لو برڈ کے لئے گرین فوڈ
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے لوبرڈ کے انڈوں اور بچوں کی ایوریج زیادہ ہو تو گرین فوڈ اور سوفٹ فوڈ پرندوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ گرین فوڈ میں آپ میتھی، لوسن، سلاد کے پتے ، پودینا کے پتے۔ پالک کے پتے، اِس کے علاوہ نیم کے درخت کے پتے بھی کھلا سکتے ہیں۔ سبزیوں میں کدو، گھیا کدو، چکندر ، گاجر، بند گھوبھی، روائیں، اور لوبیہ کی پھلیاں، مٹر، کھیا توری، بھنڈی، ٹینڈے وغیرہ جو سبزیاں موسم کے حساب سے دستیاب ہوں کھلا یا کریں۔ اِس کے علاوہ کھیرا ، تربوز، امرود ،سیب وغیر ہ بھی کھلا سکتے ہیں۔تمام سبزیوں کو آپ الگ الگ بھی کھلا سکتے ہیں اور تین چار سبزیاں مکس کر کے بھی کھلا سکتے ہیں۔ سبزیوں کو اچھی طرح دھو کر باریک کاٹ کر لیں۔ ایک دن ، کھیرا، کدو، سلاد کے پتے ،چکندر، یعنی جو چیزیں آسانی سے مل جائیں کاٹ کر مکس کر کے کھلا دیا کریں۔ اگلے دن کوئی دوسری سبزیاں کاٹ کر کھلا دیا کریں۔سبزیوں کو جتنا باریک کاٹیں گے پرندے اُتنی آسانی سے کھا ئیں گے۔ میں نے تمام قسم کے سوفٹ فوڈ، گرین فوڈ ، ایگ فوڈ کو الگ الگ بنانے اور کھلانے کا طریقہ اس لیے بتایا کیونکہ بعض لوگ تمام چیزیں اکٹھی افورڈ نہیں کر سکتے ۔ کچھ نہ کھلانے سے تو بہتر ہے کہ روزانہ کچھ نا کچھ بدل کر کھلایا جائے۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں جس برتن میں سوفٹ فوڈ دیں وہ برتن روزانہ دھو یا کریں۔ ایگ فوڈ،سوفٹ فوڈ اور گرین فوڈ پرندوں کو کھلانے کا بہترین وقت صبح کا ہوتا ہے ۔کسی بھی قسم کا سوفٹ فوڈ پرندوں کو اتنی مقدار میں دیں جتنا وہ تین چار گھنٹے میں کھا کر ختم کر دیں ۔
لو برڈ سے بریڈ لینے کے لیے بریڈنگ ٹپس
کوشش کریں لوبرڈ کے لیے کمرے کا ٹمپریچر 24 سے32 سینٹی گریڈ ہو۔ شیڈ میں ہوا کا کراس ہو۔ہوا میں نمی کا تناسب 50% سے 70% تک ہو۔ کوشش کریں ماسٹر کیج یعنی بڑا پنجرہ بنا کر پھر اُس کے اندر چھوٹے پنجروں میں لوبرڈ کو رکھیں ماسڑ کیج نہیں ہے تو پھر کوئی ایسا کمرہ ہو جہاں کھڑکیاں لگی ہوں ہوا کا کراس ہو اور سورج کی روشنی صبح یا شام کے وقت آتی ہو۔ماسٹر کیج کا یہ فائدہ ہے کہ اگر کوئی پرندہ چھوٹے کیج سے نکل کر باہر آبھی جائے تو ماسٹر کیج یا کمرے میں ہی رہے گا ۔ سردیوں میں ماسٹر کیج کو یا کمرے کی کھڑکیوں کو پلاسٹک کاغذ سے ڈھانپ دیں ۔ اور جب سردیوں میں دوپہر کو دھوپ نکلے تو پلاسٹک کاغذ اُتار کر ہوا کا کراس کروایا کریں۔ کیج ایسی جگہ ہو جہاں کوئی کتا ، بلی، مچھر، چھپکلی وغیرہ ان کو تنگ نہ کرے۔ گرمیوں میں شیڈ کے ایک طرف ائیر کولر لگائیں اور دوسری طرف کوئی ایگزاسٹ فین یا کوئی روشن دان یا کھڑکی لگی ہو جس سے ہوا باہر چلی جائے۔ گرمیوں میں دوپہر کی گرم دھوپ اور گرم ہوا سے پرندوں کو بچا کر رکھیں۔ گرمیوں میں پرندوں کو صبح کے وقت الیکٹرولائٹس یا ORS پانی میں مکس کر کے پلایا کریں دوپہر کے بعد پانی تبدیل کر کے سادہ پانی رکھا کریں۔ تربوز کھیرا،کدو، گرمیوں میں ایک دو دن کے وقفے سے ضرور دیا کریں۔ اگر شیڈ چھت پر بنایا ہے تو گرمی کنٹرول کرنے کے لیے چھت پر تھرموپول کی شیٹ لگائیں۔ اگر شیڈ ایسی جگہ ہے جہاں تیز دھوپ ڈئریکٹ شیڈ میں جاتی ہو ۔ تو جس سائیڈ پر دوپہر کے وقت دھوپ آتی ہے اُس سائیڈ پر گرین شیڈ لگا دیں۔ اور کوشش کریں شیڈ میں یا کھڑکیوں کے پاس گملوں یا کیاریوں میں پودے لگا کر رکھیں تاکہ ہوا میں نمی کا تناسب ہورا رہے۔ اگر آپ کیلشیم، خوراک اور ٹمپریچر کا اچھے سے خیال رکھیں تو سارا سال لوبرڈ سے بریڈ لے سکتے ہیں۔ لیکن لو برڈ کی اچھی صحت کے لیے بہتر یہی ہے آپ سال میں تین سے چار مہینے لوبرڈ کو ریسٹ ضرور دیا کریں۔بریڈنگ سیزن میں جن برڈ سے بریڈ لینا ہے اُن کو بلا وجہ کسی بھی قسم کا اینٹی بائیوٹک کورس نہ کروائیں اس سے برڈز کمزور ہو جاتے ہیں۔ بریڈنگ کے وقت رات آٹھ دس بجے تک پرندوں کے کیج کے پاس روشنی والا بلب جلاکر رکھیں تا کہ برڈ اپنے بچوں کو کم از کم بارہ گھنٹوں تک فیڈ کروا سکیں۔ رات آٹھ دس بجے کے بعد بڑا بلب بند کر کے زیرو کا بلب جلا دیں تاکہ اندھرے کی وجہ سے پرندے ڈریں نہیں اگر مادہ بوکس سے باہر آ جائے تو واپس بوکس میں جا کر انڈوں پہ بیٹھ جائے ۔اگر ساری رات زیادہ روشنی رکھیں گے تو پرندے جاگتے رہتے ہیں اُن کی نیند پوری نہیں ہوتی جس سے پرندے کمزور ہو کر بیمار ہو سکتے ہیں۔ بچوں کو بوکس سے نکلنے کے بعد دس سے پندرہ دن تک بچوں کو اُن کے ماں باپ کیساتھ رہنے دیں۔ جب کھانا پینا سیکھ لیں تو اِن کو سیل کر سکتے ہیں اگر اپنے پاس رکھنے ہیں تو فوراََ بچوں کو کسی بہت بڑی کالونی میں بڑے بچوں کے ساتھ نہ چھوڑیں ورنہ چھوٹے بچے ڈر کر کونے میں بیٹھیے رہتے ہیں دانہ کم کھاتے ہیں جس سے بچوں کے ایکسپائر ہو نے کا خطر ہوتا ہے۔ اِس لیے شروع میں ایک مہینے کے لیے چھوٹے کالونی نما کیج میں ہم عمر بچوں کے ساتھ رکھیں ۔بعد میں بڑی کالونی میں چھوڑ دیں بڑی کالونی میں اُس وقت تک رکھیں جب تک بریڈنگ کے قابل نہیں ہوتے۔ بڑی کالونی میں رکھنے سے اِن کا سائز اور اِن کی صحت اچھی رہتی ہے۔جب بریڈنگ سیزن آف ہوتا ہے تو جن پیئر کے بچے سلف ہو جاتے ہیں اُن کے بوکس اتار تے جائیں اور تمام پیئر اُن کے کیج میں ہی کم از کم دس پندرہ دن کے لیے رہنے دیں۔ جب آپ سارے بریڈر پیئر کے بوکس اتار لیں تب اُن کو ایک ساتھ ایک ہی دن کسی بڑے کیج یا کالونی میں چھوڑیں تا کہ اِن کی آپس میں لڑائیاں نہ ہوں۔ اگر کالونی میں کوئی پرندہ بیمار نظر آئے تو فوراََ اُس کو کسی دوسرے کیج میں الگ کر کے علاج کریں۔ بہت سے نئے شوقین یہ غلطی کرتے ہیں کہ لوبرڈ کے پٹھے خرید کر اُن کی دل جان سے حفاظت کرکے پال پوس کر بڑا کرتے ہیں۔ جب بچے بریڈنگ کے لیے تیار ہو تے ہیں یا تومیل زیادہ نکل آتے ہیں یا فی میل زیادہ ہوتی ہیں۔اُس وقت بریڈنگ سیزن میں اڈلٹ میل یا فی میل کسی سے لینے جائیں تو آپ کو بریڈر پرندہ کوئی بھی نہیں دے گا ۔ اِس لیے جب لو برڈ خریدیں تو DNA کروا کر جوڑے پورے کر لیا کریں۔ تا کہ بعد میں پریشانی نہ ہو۔
لوبرڈ کی بیماریاں اور ان کا علاج
لوبرڈ بہت کم بیمار ہوتے ہیں۔ زیادہ تر اِن میں آنکھوں کی بیماری آتی ہے۔ جو کیج میں ہوا کا کراس نہ ہونے یا ہبس ہونے ،آنکھ میں نسٹنگ مٹیریل کا تنکا لگنے۔ ڈسٹ پڑنے یا مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے۔ اِس کے آسان علاج کی بات کریں تو آپ BoricAcid بورک ایسڈ آنکھوں میں ڈال کر پھر عرقِ گلاب سے آنکھ کو دھو کر جنٹا ماسین یاکوئی بھی اچھا سا آئی ڈراپ آنکھوں میں ڈال دیں ۔ چار ،پانچ دن ایسا کرنے سے آنکھیں ٹھیک ہو جائیں گی۔دوسری بیماری لوزموشن کی ہے۔ جس کے علاج کے لئے وبرامائی سین کا ایک کیپسول ایک لیٹر پانی میں مکس کر کے اُس پانی میں Lysovit لوسوویٹ سیرپ فلیجل سیرپ کے دو ،دو ڈراپ ڈال کروہ پانی صبح کو کیج میں رکھ دیں ۔ یہ کورس بھی آپ نے چار پانچ دن کرنا ہے۔ سال میں ایک مرتبہ پرندوں کی ڈی وارمنگ بھی ضرور کروائیں۔ ڈی وارمنگ کے لیے زینٹل یا کوئی بھی ڈی وارمنگ کی دوائی ایک لیٹر پانی میں پانچ ML مکس کرکے صبح کے وقت کیج میں وہ پانی رکھ دیں۔ ڈی وارمنگ چھ مہینے بعد یا سال میں صرف ایک مرتبہ کروانا ہے۔ تاکہ اِن کے پیٹ کے کیڑے مر جائیں۔ڈی وارمنگ بہت زیادہ گرمی کے مہینوں میں نہ کروائیں۔ اس کے علاوہ جوئیں یا ریڈ مائیٹس پڑنے کی وجہ سے پرندے خارش کرتے رہتے ہیں۔ پرندوں کو پکڑ کر منہ اور آنکھیں بچا کر پرندوں کے پروں کے نیچے کوپکس پوڈر یا پھر آئروجن کا ایک قطرہ انگلی پر لگا کر اِن کی ٹانگوں اور پروں کے نیچے لگا دیں۔ انشا جوئیں ایک دن میں ختم ہو جائیں گی ۔ اگر لڑائی کی وجہ سے پرندہ زخمی ہو جائے تو پائیو ڈین لگائیں۔ یا ہلدی کو سرسوں کے تیل میں مکس کر کے پسٹ بنا کر زخم پر لگائیں۔ اگر کوئی پرندہ زیادہ بیمار ہے ۔کھا پی نہیں رہا تو دن میں تین سے چار مرتبہ ہینڈ فیڈ کروا کر میڈیسن دیں۔ اگر کوئی پیئر انڈے انفرٹائیل دے رہا ہے تو اُس پیئر کو ایک مہینے کی ریسٹ دیں ۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں اپنے پرندوں کو بلا وجہ کوئی بھی میڈسن استعمال نہ کروایا کریں۔ اپنے صحت مند پرندوں سے زیادہ بریڈ لینے کے چکر میں دوایاں کھلا کھلا کر پرندوں کو اور اُس کی آنے والی نسلوں کو کمزور نہ کریں۔ خدا کے لیے پرندوں پر رحم کریں۔ اگر لوبرڈ سے اچھی بریڈ لینی ہے تو آپ نیچرل غذائیں زیادہ استعمال کیا کریں ۔ دانہ ، پانی صاف ستھرا دیا کریں۔ سوفٹ فوڈ،ایگ فوڈ، گرین فوڈ، سبزیاں کا استعمال کیا کریں ۔ ایسا نہ ہو کہ آپ نے ایک دن سوفٹ فوڈ کھلایا بعد میں جب دل کیا چار ، پانچ دن کے وقفے سے دوبارہ سوفٹ فوڈ دے دیا۔ ایسا کرنے سے ہو سکتا ہے لو برڈ سوفٹ فوڈ کھانا ہی بند کر دیں ۔ اگر لو برڈ سے اچھی بریڈ لینا ہے تو سوفٹ فوڈ اور گرین فوڈ کی ایک روٹین بنا لیں اور روزانہ کھلایا کریں۔
پوسٹ پسند آئے تو دوستوں سے شئیر کریں