جاوا فنچ کی معلومات Java finch bird Breeding information in urdu

0

Java finch
Java Finch Sparrow 

 جاوا سپیرو کا تعارف

  جاوا فنچ کو جاوا سپیرو، اور جاوا رائیس برڈ یعنی چاول والا پرندہ یا چاولوں کا کیڑا بھی کہا جاتا ہے۔ یہ آسٹریلیا اور انڈونیشیا کے درمیان جزیرے جاوا، بالی اور باوین میں پایا جانے والا پرندہ ہے۔ اِن علاقوں میں چاول کثرت سے کاشت کیے جاتے ہیں۔ اور جاوا برڈ چاول بہت شوق سے کھاتا ہے۔ اِس کی لمبائی تقریباََ 15 سے سترہ سینٹی میٹر یعنی چھ سے ساڈھے چھ انچ تک ہوتی ہے۔ جب یہ بچے ہوتے ہیں تو اِن کا اوپر والا حصہ ڈارک براؤن ہوتا ہے ، اور نیچے والا ہلکا براؤن۔ جیسے جیسے بڑے ہوتے ہیں اِس کی گردن سرمئی سینہ ہلکا گلابی، پیٹ سفید ، گال سیاہ، آنکھوں کے گرد سرخ دائرہ۔ اور پاؤں سرخ ہونے لگتے ہیں۔ اور وائٹ جاوا کے بچوں کا کلر بھی گرے سے سفید ہونے لگتا ہے۔جنگلوں میں یہ چاول، گھاس کے بیج ،سبزیاں، درختوں کے پھل اور پتے، اور چھوٹے کیڑے مکوڑے کھاتا ہے۔ یہ اپنا گھونسلہ درختوں پر یا پھر عمارتوں میں کوئی جگہ ملے جائے تو وہاں بناتا ہے۔ مادہ کی ایک کلچ میں انڈے دینے کی ایوریج چھ سے آٹھ تک ہوتی ہے۔ بعض دفعہ تو یہ بارہ سے چودہ انڈے بھی دے دیتی ہے۔ اور چودہ کے چودہ بچے بھی پال لیتی ہے۔ جاوا کئی صدیوں سے ایشائی ممالک خاص کر چین کے منگ قبیلے میں بہت شوق سے پالا جاتا تھا۔ قدیم زمانے کی جاپانی پینٹنگز میں بھی اِس کی تصاویر ملتی ہیں۔جاپان میں اِسے ساکورا بنچوں کہا جاتا ہے۔ 1960 سے 1970 میں یہ گھروں میں پالا جانے والا دنیا کا سب سے مقبول ترین پرندہ تھا۔ بعد میں اِس پرندے پرفصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچانے کی وجہ سے اِسے گھروں میں پالنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔فصلوں کو نقصان پہچانے کی وجہ سے کسان اِس پرندے کو جال لگا کر پکڑ کر ختم کرنے لگے۔ اِس کی نسل کی کمی کی بہت بڑی وجہ فصلوں پر زہریلے کیڑے مار سپر اور جنگلوں اور درختوں کی کٹائی بھی ہے۔ اب اِس خوبصورت پرندے کو دنیا سے قدرتی طور پر ناپید ہونے کی وجہ سے ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان میں یہ گرے،وائٹ، سلور، اور سرخ آنکھوں والا جسے فون جاوا کہتے ہیں اِن چار میوٹیشن میں زیادہ تر دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ تو تھی جاوا برڈ کی بنیادی باتیں۔ اب بات کرتے ہیں اِن کو گھروں میں پال کر کاروبار کرنے کی۔

جاوا برڈ کا کاروبار

 کاروبار کے لیے فون جاوا بہترین آپشن ہے۔ اِس وقت مارکیٹ میں فروخت بھی اچھی قیمت میں ہو رہے ہیں۔ جاوا برڈ کو زیادہ گرمی اور زیادہ سردی سے بچا کر رکھیں گے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے توآپ اِس برڈ سے لاکھوں کما سکتے ہیں۔ جاوا برڈ کا پئیر خریدنے سے پہلے چیک کر لیا کریں بوڑھے نہ ہوں پہلی بریڈ کے لیے تیار ہوں۔ تقریباََ تین چار مہینے کی عمر کے بچے ہوں یعنی جس عمر میں بچوں کے پر وں اور چونچ سے بلیک کلر ختم ہونے کے قریب ہو ایسے بچے خریدیں۔اِن کے پر پورے ، خوبصورت اور چمک دار ہوں اور اڑتے ٹھیک ہوں۔ جاوا برڈ کا بزنس سٹارٹ کرنے کے لیے شروع میں آپ پانچ سے چھ پیئر خرید کر کالونی بنائیں۔جب اِن کے بچے ہوں گے تو اُن سے جتنے پئیر کی چاہیں اپنے پاس رکھ کر کالونی بڑھا لیں باقی سیل کر دیں۔

میل فی میل کی پہچان

جاوا برڈ کے بچوں میں نر اور مادہ کی پہچان کرنا مشکل ہوتا ہے۔ جب اِن کی عمر پانچ مہینے کے قریب ہو تو میل فی میل کی پہچان اِس کی چونچ اور آنکھوں سے کی جاتی ہے۔ میل کی چونچ اوپر سے اُبھری ہوئی اور اور تھوڑی چوڑی ہو گی۔چونچ کے اُوپر ی حصے اور آنکھوں کے گرد دائرے میں سرخ کلر زیادہ ہو گا۔ جبکہ فی میل کی چونچ اوپر سے سیدھی اور نر کی نسبت تھوڑی پتلی ہو گی۔مادہ کی چونچ اور آنکھوں کے دائرے میں سرخ کلر بھی نر کی نسبت کم ہو گا اِس کے علاوہ مادہ کے گالوں میں سفید کلر آنکھ کے اُوپر کی طرف جاتا ہوا دیکھائی دے گا۔ اور نر کا سفید کلر آنکھ سے تھوڑا  نیچے ہو گا۔ 

کیج اور کالونی سائز

 جاوا برڈ کو آپ کیج بائی کیج رکھ کر بھی بریڈ لے سکتے ہیں۔ اور کالونی بنا کر یعنی بڑے پنجرے میں رکھ کر بھی اچھی بریڈ لے سکتے ہیں۔ اگر کیج بائی کیج رکھنا ہے تو جاوا کے ایک پیئر کے لیے کم از کم کیج کا سائز ڈھیڈ بائی دو فٹ کا ہو۔ دو پیئر کے لیے دو بائی دو فٹ۔ تین کے لیے دو بائی ڈھائی فٹ۔ یعنی جتنے پیئر بڑھاتے جائیں کیج بھی آدھا فٹ بڑا سوچ کر لیں۔ اگر کیج بائی رکھنا ہے تو کیج ایسا لیں جس کے نیچے ٹرے ہو۔ کیونکہ جاوا پانی سے نہانا پسند کرتا ہے اور دھان یعنی مونجی وغیرہ کھاتا ہے جس سے کیج میں بہت گندگی ہو جاتی ہے۔ ایسا کیج لینے سے گندگی نیچے ٹرے میں چلی جاتی ہے۔جس کی صفائی کرنا آسان ہوتا ہے۔ جاوا برڈ آپس میں لڑتے نہیں۔ اِس لیے زیادہ تر لوگ کالونی کا مشورہ دیتے ہیں۔ کالونی بنا کر رکھنے سے ان کا دانا پانی تبدیل کرنے اور کیج کی صفائی کرنے کا وقت بچ جاتا ہے۔ بڑے پنجرے میں جاوا برڈ کو اُڑنے کے لیے کھلی جگہ مل جاتی ہے۔ جس سے جاوا کی صحت بھی اچھی رہتی ہے اور بریڈ بھی اچھی کرتے ہیں۔ کیج یا کالونی میں سٹک ہمیشہ لکڑی کی لگائیں۔

مٹکی ،بوکس اور نسٹنگ مٹیریل 

 بوکس ہو یا مٹکی جاوا برڈ دونوں میں اچھی بریڈ کرتے ہیں۔ جاوا برڈ گھونسلہ بنا کر بریڈ کرتے ہیں اِس لیے مٹکی کا سائز بجیز کی مٹکی کی نسبت بڑا لیں ۔ تقریباََ لو برڈ کی مٹکی جتنا سائز لیں۔اور بڑے سوراخ والی مٹکی لیں یا خود کسی چیز سے سوراخ بڑا کر لیں۔ تاکہ جاوا نسٹنگ مٹیریل آسانی سے مٹکی میں لے جا سکے۔ اگر بوکس لگا کر جاوا سے بریڈ لینا ہے تو بوکس کا سائز بھی لو برڈ کے بوکس جتنا لیں۔ کم از کم بوکس سائز آٹھ انچ بائی آٹھ انچ ضرور ہو۔ نسٹنگ مٹیریل کے لیے سب سے بیسٹ مونجھ کی گھاس ہے یہ برڈ مارکیٹ سے سے آپ کو تقریباََ ڈھیڈ200 روپے کلو کے حساب سے ملے گی۔ ایک کلو نسٹنگ مٹیریل جاوا کے بیس، پچیس پئیر کے لیے کافی ہے ۔ گھاس کو درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں کر لیں۔ گھاس کی لمبائی کم از کم آٹھ انچ ہو۔ یا پھر کسی کھیت وغیرہ سے گھاس لے لیں ۔ گھاس کو اچھی طرح دھو کر دھوپ میں رکھ کر خشک کر لیں۔ اگر گھاس بھی نہ ملے تو چاول والی پرالی کو دھو کر خشک کر کے آٹھ انچ تک لمبا کاٹ کر استعمال کر سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ ناریل کا چھلکا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ ناریل کے چھلکے کو کونٹ کر نرم کر لیں پھر ہاتھ سے تنکا تنکا کر لیں اور پانی سے اچھی طرح کر ، دھوپ میں رکھ کر خشک کر کے استعمال کر کر لیں۔ مٹکی یا بوکس میں تھوڑا سا کوپکس پوڈر چھڑک دیں پھر نسٹنگ مٹیریل مٹکی کے چاروں طرف رکھ دیں ۔ مٹکی یا بوکس میں ٹھوڑی سی گھاس اِس لیے رکھتے ہیں تاکہ جاوا اپنا گھونسلہ بنا کر جلد بریڈ شروع کر دے۔ باقی نسٹنگ مٹیریل کیج کے اندر رکھ دیں تاکہ باقی گھونسلے کی سیٹنگ جاوا برڈ اپنی مرضی سے کر سکیں۔ اِسی طرح آپ بوکس میں بھی نسٹنگ مٹیریل رکھ سکتے ہیں۔ جاوا برڈ لڑتے نہیں اس لیے اِن کی مٹکیاں آپ ایک دوسرے کے قریب بھی لگا سکتے ہیں۔ 

سیڈ مکس اور روزانہ کی خوراک

جاوا کو آپ بجیز پیرٹ کو کھلایا جانے والا مکس دانہ بھی کھلا سکتے ہیں۔ لیکن بہتر یہی ہے آپ فیڈ خود تیار کریں۔فیڈ تیار کرنے کے لیے آپ کو چاہیے ایک کلو باجرہ، ایک کلو موٹی کنگنی ، ایک کلو پیلی باریک کنگنی، ایک کلو لال باریک کنگنی ،ایک کلو ٹوٹا چاول ،کنیری سیڈ آدھا کلو، سورج مکھی کے بیج ایک پاؤ۔ جاوا کی اچھی صحت کے لیے یہ سات چیزیں مکس اِن چیزوں کی جتنی کو مقدار آپ کو بتائی ہے ہر موسم میں کھلا سکتے ہیں۔اِن چیزوں کے علاوہ جاوا چاول والی مونجی جسے دھان بھی کہتے ہیں کھانا بہت پسند کرتا ہے اِس لیے جاوا کو رائس برڈ کہتے ہیں۔ چاول والی مونجی کے چھلکے بہت زیادہ گند ڈالتے ہیں اِس لیے یہ دوسرے دانے سے الگ برتن میں رکھیں۔ تاکہ دوسرا دانہ خراب نہ ہو۔ بہت زیادہ سردی میں آپ اِس میں آدھا پاؤ سفید یا کالے تل ، ایک پاؤ ایسی ، ایک پاؤ بھنگ کے بیج بھی شامل کرسکتے ہیں۔ اگر آپ مکس دانہ خود تیار نہیں کر سکتے تو کسی برڈ شاپ سے جاوا یا بجیز کو کھلانے والا مکس دانہ خرید کر جاوا کو کھلا دیں۔ 

جاوا کے لیے کیلشیم 

چھ سے آٹھ انڈے دینے کی وجہ سے اِن میں کیلشیم کی کمی ہو جاتی ہے۔جس کو پورا کرنے کے لیے کیلشیم بہت ضروری ہے۔ کیلشیم کے لیے پرندوں کی شاپ سے کسی اچھی کمپنی کی گریڈ لے کر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یا پھر پرندوں کی شاپ سے کیلشیم بلاک لے کر اُسے کونٹ کر باریک کر لیں اور اُس میں ، سمندری جھاگ کا پوڈر اور انڈوں کے چھلکوں کا پوڈر بنا کر مکس کر دیں اور کسی برتن میں ڈال کر کیج میں رکھ دیں۔ یا سوفٹ فوڈ میں مکس کر کے بھی کھلا سکتے ہیں۔ جاوا جنگلوں میں کیڑے مکوڑے کھاتاہے ۔ کیج میں تو ہم اِن کو کیڑے مکوڑے نہیں کھلا سکتے۔ اِس لیے اِس کو خشک سمندری جھینگے کا پوڈر بھی سوفٹ فوڈ میں مکس کر کے ضرور کھلائیں۔ جھینگے کے پوڈر کھلانے سے جاوا صحت مند رہیں گے اور اِن کی انڈے بچے دینے کی ایوریج بڑے گی۔ اِس کے علاوہ میل ورم مل جائیں تو وہ بھی آپ جاوا کو کھلا سکتے ہیں۔ کالا نمک بھی جاوا کے کیج میں ضرور رکھیں نمک کھانے سے پرندوں کا ہاضمہ ٹھیک رہتا ہے۔ ایسی کیلشیم والی مٹی بھی کیج میں ضرور رکھا کریں کیلشیم والی مٹی بنانے کی ویڈیو میرے یوٹیوب چینل پر موجود ہے وہ ویڈیو دیکھ کر مٹی تیار کر لیں۔ بہت سے دوست کہتے ہیں ہمارے جاوا بریڈ نہیں کرتے ، انڈے کم دیتے ہیں یا انڈے انفرٹائل دیتے ہیں۔ تو بھائی آپ پرندوں میں کیلشیم کی کمی پوری کریں گے تو ہی پرندے اچھی بریڈ کریں گے۔ آپ اِن چیزوں میں سے ساری نہیں تو ٹھوڑی بہت جو چیزیں آسانی سے مل جائیں وہ اپنے برڈ کو ضرور کھلایا کریں۔

ایگ فوڈ سوفٹ فوڈ اور گرین فوڈ

 ایگ فوڈ جاوا اور فنچ کے لیے ہر موسم میں بہت ضروری ہے۔ انڈے کو آپ اچھی طرح ابال کر کش کرکے جاوا کو کھلا سکتے ہیں۔ یا پھر ڈبل روٹی، رس ،کیک یا خشک کیک جو آپ کو آسانی سے مل جائے اُن کا چورا کر کے پھر اُس میں کش کیا ہوا انڈا مکس کر کے کھلا سکتے ہیں۔ بہت زیادہ سردی کے موسم میں اِس میں ایک عدد فش آئل کیپسول، یا ایک عدد ایویان کیپسول یا پھر زیتون کے تیل کا ایک چمچ مکس کر کے کھلا سکتے ہیں۔ زیتون کا تیل نہ ملے تو ایک چمچ روغن بادام بھی اِس میں مکس کر سکتے ہیں۔ اِسی طرح یہ ساری چیزیں آپ ابلے ہوئے چاولوں میں مکس کر کے بھی کھلا سکتے ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو اِس کے اندر گاجر ، اور چکندر بھی کش کر کے مکس کر سکتے ہیں۔ فش آئل یا زیتون کے تیل یا پھر ایویان کیپسول والا سوفٹ فوڈ سردیوں میں ایک دن کے وقفے سے اور گرمیوں میں چار ، دن کے وقفے سے کھلا سکتے ہیں۔ سوفٹ فوڈ کا ایک چمچ جاوا کے ایک پئیر کے لئے کافی ہے۔ 

جاوا کے لیے سوفٹ فوڈ

سوفٹ فوڈ میں مکئی کا نرم بھٹہ آپ روزانہ جاوا کو کھلا سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ گندم ، چاول ، کالے چنے ، ثابت سبز مونگ یہ تمام چیزیں رات پانی میں بھگو کر اور ایک چمچ سیب کا سرکہ شامل کر آٹھ دس گھنٹوں کے لئے رکھ دیں پھر صبح اِن دانوں کو پانی سے دھو کر دو منٹ کے لیے پانی میں ابال لیں اور ٹھنڈا کر کے جاوا کے کیج میں رکھ دیں ۔ اِس کے علاوہ مکئی کا تازہ اور نرم بھٹہ بھی جاوا کو کھلا سکتے ہیں۔ یہ آپ ایک دن کے وقفے سے جاوا کو کھلا سکتے ہیں۔ ایک پیئر کو ایک چمچ سے زیادہ سوفٹ نہ دیں۔ اِس کے اُوپر آپ سمندری جھاگ اور انڈے ک چھلکے کا پوڈر بھی چھڑک کر کھلا سکتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے جاوا کی آٹھ سے زیادہ بچوں کی ایوریج ہو تو گرین فوڈ اور سوفٹ فوڈ پرندوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ گرین فوڈ میں آپ پالک، سالاد ، میٹھی ،پودینا اور لوسن کے پتے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر جاوا کو کھلا سکتے ہیں۔ گاجر اور چقندر سردیوں میں تقریباََ ہر علاقے سے مل جاتا ہے۔ چقندر اور گاجر کو کش کرکے الگ سے برتن میں ڈال کر بھی کھلا سکتے ہیں اور سوفٹ فوڈ میں مکس کر کے بھی کھلا سکتے ہیں۔ گرمیوں میں کدو، کھیرا، اور ٹینڈے بھی کش کر کے جاوا کو کھلا سکتے ہیں۔ اگر آپ ٹہنیوں سمیت جاوا کے کیج میں پتے رکھیں گے تو یہ کھائیں گے کم اور گھونسلے میں زیادہ لے کر جائیں گے ۔ اِس لئے اِن پتوں کو باریک کر کے کھلائیں ۔ گرین فوڈ جاوا کو اتنی مقدار میں دیں جتنا وہ تین چار گھنٹے میں کھا کر ختم کر دیں۔ اور کوشش کریں ہر روز بدل بدل کر گرین فوڈ دیں۔ مثلاََ ایک دن پالک اگلے دن میتھی،اگلے دن لوسن،اگلے دن چقندر وغیرہ 

جاوا سپیرو بریڈنگ ٹپس

گرمی ہو یا سردی جاوا نہاتے بہت ہیں اِس لیے جاوا کے لیے دھوپ بہت ضروری ہے۔ پنجرہ ایسی جگہ رکھیں جہاں صبح کی ٹھنڈی دھوپ کم سے کم دو گھنٹے کے لیے اِن کو لگے یا پھر شام کی دھوپ لگے تب بھی ٹھیک ہے۔ زیادہ تیز دھوپ میں جاوا کو نہ رکھیں۔ گرمیوں میں پنجرہ ہوادار اور ٹھنڈی جگہ پر رکھیں۔ گرمیوں میں پنکھا یا پھرواٹر کولر کیج یا کالونی کے باہر ضرور لگائیں۔ اور سردیوں میں رات کو پنجرے کو کسی موٹے کپڑے یا آلو والی بوری کو سے کیج کو چاروں طرف لپیٹ دیں۔ دن کے وقت بوری یا کارپیٹ ہٹا دیں اور پلاسٹک کاغذ رہنے دیں تاکہ ٹھنڈی ہوا جاوا کو نہ لگے صرف دھوپ اور روشنی آتی رہے۔ اگر ممکن ہو تو سردیوں میں رات کو کالونی میں ہیٹ بلب لگا دیں۔ سردیوں میں شام کے وقت کیج سے نہانے والا برتن نکال لیں کیونکہ اگر یہ سردیوں میں رات کو گیلے ہو گئے تو صبح تک ٹھنڈ کی وجہ سے ایکسپائر ہو سکتے ہیں۔ اِن کے بچے گھونسلے سے نکلنے کے بعد ڈھیڈ دو ماہ تک اپنے والدین سے بھی فیڈ لیتے رہتے ہیں اِس لیے کوشش کریں بچوں کو دو ماہ بعد ماں باپ سے الگ کریں۔ اِن کے بچے آٹھ ماہ کی عمر میں اڈلٹ ہوکر بریڈ کرنے کا قابل ہوتے ہیں۔ اِس لیے جب اِن کی عمر سات، آٹھ ماہ سے زیادہ ہو تب مٹکیاں یا بوکس لگایا کریں۔ اگر جاوا کی کالونی بنا کر بریڈ لینا ہے تو دو یا تین مٹکیاں یا بوکس اِن کی تعداد سے زیادہ لگائیں۔ تاکہ یہ اپنی پسند کی مٹکی یا بوکس سلیکٹ کر سکیں۔ کوشش کریں بھائی بہن، ماں بیٹے، یا باپ بیٹی کا آپس میں جوڑا نہ لگائیں ورنہ انڈے انفرٹائیل ہوں گے یا انڈے دینے کی ایوریج کم ہو گی۔ جاوا سے شدید سردی کے موسم میں بریڈ نا لیں تو بہتر ہے کیونکہ جب ٹمپریچر پندرہ سولہ سے نیچے گرتا ہے تو جاوا اپنے بچوں کو فیڈ کروانا چھوڑ دیتا ہے اور جن پیئر نے انڈے دیئے ہوں وہ انڈوں کو ہیچ کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ اسی طرح سخت گرمی میں جب ٹمپریچر بتیس سے اوپر جاتا ہے تب بھی یہ بچوں کو فیڈ اور انڈوں کو ہیچ کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ اگر آپ ہر موسم میں ٹمپریچر چھبیس تک برقرار رکھ سکتے ہیں اور اچھی خوراک ،کیلشیم، اور سوفٹ فوڈ کھلا رہے ہو ں تو جاوا سے سارا سال اچھی بریڈ لے سکتے ہو۔ کوشش کریں کیج ایسی جگہ ہو جہاں گھر والوں کا آنا جانا کم سے کم ہو۔ کوئی کتا، بلی، چوہا،چھپکلی اِن کے کیج کے پاس نہ ہو۔ زیادہ تر دیکھنے میں آیا ہے جب جاوا انڈے دیتے ہیں تو دن کے وقت نر اور مادہ دونوں انڈوں پر بیٹھتے ہیں لیکن رات کو زیادہ تر مادہ ہی انڈوں پر بیٹھتی ہے۔ اگر مادہ رات کو ڈر کر گھونسلے سے باہر آ جائے ۔ یا شور شرابے کی وجہ سے گھونسلے میں نہ جائے تو اِن کے انڈے ہوا لگنے یا سردی لگنے کیوجہ سے خراب ہو جاتے ہیں۔ اِس لیے اِن کو رات کے وقت تنگ نہ کریں۔ ہفتے میں دو مرتبہ کیج یا کالونی کی صفائی ضرور کیا کریں ۔ کیج یا کالونی کو صاف کرنے کے بعد وئراکون اور ساگوان کی سپرے کیا کریں اگر سپرے نہیں مل رہی تو نیم کے پتوں کو پانی میں ابال کر اُس پانی کا کیج میں چھڑکاؤ کیا کریں یا پھر ڈیٹول بھی پانی میں مکس کر کے چھڑکاؤ کر سکتے ہیں۔ تاکہ کیج یا کالونی جراسیم اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رہے۔ 

 پوسٹ پسند آئے تو دوستوں سے شیئر کریں 


Tags

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)