گولڈین فنچ کی معلومات اردو میں Gouldian finch information in urdu

0

Gouldian finch
Gouldian finch

 گولڈین فنچ

گولڈین فنچ کو لیڈی گولڈین فنچ ، گولڈ فنچ اور رینبو فنچ بھی کہا جاتاہے۔ 1841 میں جان گولڈ نے اپنی مرحوم بیوی لیڈی الزبتھ گولڈ کے نام پر اس فنچ کا نام لیڈی گولڈین رکھا اور اسے دنیا کا خوبصورت فنچ قرار دیا۔ جنگلوں میں ستر فی صد گولڈین فنچ کا سر کالا، اٹھائیس فی صد کا سر سرخ اور تقریباََ دو فی صد گولڈین کے سر کا کلر اورنج ہوتا ہے ۔ اور اِس کے پروں اور پیٹھ کا رنگ سبز سینا پرپل یا سفید اور پیٹ کا رنگ پیلا ہوتا ہے۔ بریڈر کی ورکنگ کی وجہ سے اب اِس کی بہت سی میوٹیشن بن چکی ہیں۔ جن میں لوٹینوں یعنی پیلے کلر کی گولڈین، بلیو کلرکی گولڈین ، سلور اور وائٹ کلر کی گولڈین فنچ زیادہ دیکھنے میں آئی ہیں۔ گولڈین فنچ آبائی طور پر آسٹریلیا کے گھاس والے میدانی علاقوں کا پرندہ ہے۔ آسٹریلیا میں گولڈین فنچ کی برآمد پر پابندی ہے۔ پابندی لگنے سے پہلے یہ دنیا بھر میں بہت بڑی تعداد میں برآمد کئے گئے۔ جس کی وجہ سے گولڈین فنچ کی بہت سے ممالک میں قابل افزائش نسلیں پائی جاتی ہیں۔ گولڈین فنچ کی اوسط عمر پانچ ،چھ سال تک ہوتی ہے۔ اور تقریباََ دس ماہ کی عمر کے بعد بریڈ سٹارٹ کرتے ہیں۔ گولڈین فنچ ایک کلچ میں چار سے آٹھ انڈے دیتی ہے۔نر اور مادہ دونوں انڈوں کو ہیچ کرتے ہیں ۔ انڈوں سے تقریباََ چودہ ، پندرہ دن بعد بچے نکل آتے ہیں۔ میل اور فی میل دونوں مل کر بچوں کو فیڈنگ کرواتے ہیں۔ بچے بیس سے پچیس دن بعد گھونسلے سے باہر نکل آتے ہیں۔ گھونسلے سے نکلنے کے بعد پندرہ سے بیس دن تک اپنے والدین سے فیڈ لیتے ہیں اُس کے بعد خود کھانا پینا شروع کر دیتے ہیں۔ 

گولڈین فنچ کا کاروبار

اگر آپ نے پہلی مرتبہ پرندے رکھنے ہیں ،یا آپ کو پرندے پالنے کی معلومات نہیں تو پہلے آپ بنگلائز فنچ کے دس بارہ پئیر لے کر اُن کو کیج بائی کیج لگا کر بریڈ لیں ۔ جب آپ کو تجربہ ہو جائے تب گولڈین کے پئیر لیں۔ اور جن بنگلائز سے آپ بریڈ لے رہے تھے اُن کو فوسٹر کے طور پر استعمال کر لیں۔ گولڈین فنچ اپنے خوبصورت رنگوں کی وجہ سے دنیا بھر میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ لیکن اِس وقت گولڈین فنچ کے بریڈرز بہت کم ہیں جس کی وجہ سے اِس کا ریٹ دوسرے پرندوں کی نسبت کبھی کم نہیں ہوا۔ اور اِسکی ڈیمانڈ روز بروز بڑتی چلی جا رہی ہے۔ بریڈرز کے پاس گولڈین کے آرڈر پورے نہیں ہو رہے۔اور یہی بہترین ٹائم ہے، بلکہ سنہری موقع ہے گولڈین کا کاروبار کر کے لاکھوں کروڑں کمانے کا۔ اگر آپ پانچ سے چھ ریڈی ٹو بریڈ یعنی پانچ چھ ماہ کے میل فی میل کنفرم گولڈین کے پیئر لیں اور ساتھ بیس پئیر بنگلائز کے لے لیں۔ اور دس ماہ کی عمر کے ہونے کے بعد بریڈ لینا سٹارٹ کریں تو آپ ایک سال میں پانچ پیئر سے کم از کم پانچ سے چھ لاکھ آسانی سے کما سکتے ہیں۔ پہلے لوگ یہ سوچ کر گولڈین فنچ رکھنے سے ڈرتے تھے کہ گولڈین بہت نازک پرندہ ہے ایکسپائر ہو جاتا ہے۔ تو میں اُن لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں پہلے وقت اور تھے لوگوں کو ان کی حفاظت کا طریقہ اور میڈیسن کے بارے میں علم نہیں تھا۔ لیکن اب گولڈین فنچ کو رکھ کر بریڈ لینا کوئی مشکل نہیں رہا۔ گولڈین کو زیادہ تر دو طرح کی بیماریاں سے بچانا پڑتا ہے۔ نمبر ایک کنکر یعنی گلے کی بیماری جو زیادہ تر بنگلائز سے شفٹ ہوتی ہے اگر آپ گولڈین کے بچے گولڈین سے پلوائیں گے تو کنکر کی بیماری آنے کے چانس کم ہوتے ہیں۔ جب گولڈین کے بچے دو ماہ کے ہو جائیں تو اُس وقت سے لے کر بڑے ہونے تک ہر دو ماہ بعد رونیویٹ استعمال کروائیں تو کنکر یعنی گلے یا منہ میں دانے بننے کی بیماری آتی ہی نہیں۔ اور دوسرا مایٹس جن کی وجہ سے گولڈین ایکسپائر ہوتے ہیں۔ اگر آپ کیج اور شیڈ کی اچھے سے صفائی رکھیں اور ہر مہینے سپرے کریں تو گولڈئن کو مائٹس لگتے ہی نہیں۔ اگر مایٹس لگ جائیں تو Scate استعمال کریں۔ بس یہ دو میڈیسن ہیں جو آپ کے پاس لازمی ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ سخت سردی اور گرمی سے گولڈین کو بچا کر رکھیں تو گولڈین کو کچھ بھی نہیں ہوتا۔ دانے پانی کے ساتھ ساتھ ایگ فوڈ بھی کھلایا کریں تو گولڈین بہت اچھی بریڈ کرتے ہیں۔ 

گولڈین فنچ میل فی میل 

گولڈین فنچ میں میل او ر فی میل کی پہچان تقریباََ پانچ ماہ کی عمر کے بعد ہوتی ہے جب گولڈین اپنا پہلا مولٹ کلیئر کرتی ہے تب گولڈین میں میل فی میل کی پہچان کرنا بہت آسان ہے۔ میل کے سینے اور پیٹ کا رنگ گہرا اور چمکدار ہو گا۔ کہ جبکہ فی میل کے سینے اور پیٹ کا کلر مدم ہو گا اور فی میل کے پروں میں شائنگ میل کی نسبت کم ہو گی جس کو دیکھ کر آپ آسانی سے میل فی میل پہچان سکتے ہیں۔ میل اور فی میل میں دوسرا فرق یہ ہو گا کہ میل کی گردن پر کالر بڑا اور اُس کا رنگ گہرا نیلا ہو گا ۔ جبکہ فی میل کی گردن پر کالر بلکل چھوٹا اور اُس کا کلر مدم سا ہو گا۔ تیسری نشانی میل کی دم پتلی ہو گی دم کے درمیان میں دو پر لمبے ہونگے ۔ جبکہ فی میل کی دم میل کی نسبت چوڑی اور چھوٹی ہو گی۔ تیسری نشانی یہ ہے کہ میل سر اٹھا کر سنگنگ اور ڈانسنگ کرتا ہے۔ جبکہ فی میل صرف چوں چوں کرتی ہے ۔ میل کی طرح سنگنگ نہیں کرتی۔ 

گولڈین فنچ کے لیے نیسٹ باکس

گولڈین فنچ سے اچھی بریڈ لینے کے لیے بوکس اس وقت لگائیں جب میل کی عمر دس ماہ اور فی میل کی عمر ایک سال تک ہو ۔ یا دونوں کی عمر دس گیارہ ماہ سے زیادہ ہو۔ بوکس لگانے سے پہلے کیج میں میل کو چھوڑیں تین چار دن بعد اُسی کیج میں فی میل چھوڑ دیں۔ جب دونوں کیج میں اچھی طرح سیٹ ہو جائیں تب بوکس لگائیں ایسا کرنے سے گولڈین کا پیئر جلد بریڈ پر آ جاتا ہے۔گولڈین فنچ سے خود بچے بلوانے ہیں تو بوکس کا سائز کم از کم سات ضرب سات تک ہونا چاہیے۔ اگر تو آپ نے کیج ایسی جگہ رکھا ہے جہاں گھر والوں کا آنا جانا ہو۔ تو بوکس ایسا استعمال کریں جس کے اندر جانے کے لیے ایسا چھوٹا سوراخ ہو ،جہاں سے کم روشنی بوکس میں جائے ۔ تاکہ جب گولڈین بوکس میں جا کر انڈوں کو ہیچ کرنے لگے تو سامنے سے کسی کو گزرتا دیکھ کر ڈر کر بوکس سے باہر نہ آ جائے۔اگر آپ نے گولڈین سے صرف انڈے لینا ہیں۔ انڈے لے کر بنگلائز کے نیچے رکھتے جانا ہے تو بوکس کا سائز سات بائی سات انچ سے تھوڑا کم ہو یا کھلے سوراخ والا بوکس ہو ۔نیسٹینگ کے لیے مونجھ گھاس لے کر اسے چھ سات انچ تک لمبا کاٹ کر استعمال کریں۔ یہ آپ کو پرندوں والی شاپ سے دو تین سو روپے کلو کے حساب سے ملے گی۔ یا پھر کسی کھیت وغیرہ سے گدا گھاس لے کر گھاس کو پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد دھوپ میں رکھ کر خشک کر کے استعمال کرسکتے ہیں۔ اگر یہ بھی نہ ملے تو ناریل کے چھلکوں کو کونٹ کر تنکا تنکا کر لیں اور پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد نیم کے درخت کے پتوں کو پانی میں ابال کر اُس پانی میں ناریل کے چھلکے ڈبو کر دھوپ میں رکھ کر خشک کر کے استعمال کر لیں۔ بوکس کے نیچے اور چاروں طرف کوپکس پوڈر چھڑک کر گھاس سے نیسٹنگ کر دیں۔ تھوڑی سی گھاس کیج میں رکھ دیں تاکہ گولڈین اپنی مرضی سے گھونسلے کی سیٹنگ کر سکیں۔ہر کلچ لینے کے بعد بوکس کی اچھے سے صفائی کریں۔اور نسٹنگ کو تبدیل کر دیا کریں۔ ہو سکے تو بوکس میں وائرک یا ساگوان کی سپرے کرنے کے بعد کوپکس پوڈر چھرک کر نیسٹنگ کیا کریں۔ اور نیسٹنگ پر بھی تھوڑی سے سپرے لازمی کیا کریں۔ 

گولڈین فنچ کے لیے کیج سائز

گولڈین فنچ کے بچوں کو دو ماہ کی عمر سے لے کر بڑے ہونے تک یعنی جب تک میل فی میل کنفرم نہ ہوں تب تک بڑے فلائنگ کیج میں اکٹھے رکھیں۔ پانچ ،چھ ماہ بعد جب میل فی میل کنفرم ہو جائیں تو تمام میل کو الگ فلائنگ کیج میں کر دیں اور تمام فی میل کو الگ فلائنگ کیج میں کر دیں۔ کیونکہ اگر اڈلٹ ہونے کے بعد تمام میل اور فی میل کو اکٹھا ایک ہی کیج میں رکھیں گے تو میل چھوٹی عمر کی مادہ سے کراس کر لیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے مادہ ایگ بانڈنگ کا شکار ہو کر ایکسپائر ہو جاتی ہے۔ اس لیے بہتر یہی ہے میل اور فی میل کو الگ الگ فلائنگ کیج میں رکھیں جس کی لمبائی اور چوڑائی کم از کم چار فٹ ہو۔ اسی طرح جب بریڈنگ سیزن آف ہو یا جب پیئر کو بریڈنگ سے ریسٹ دینا ہو تب بھی میل فی میل کو الگ الگ فلائنگ کیج میں رکھ کر ریسٹ دیں۔ اچھی بریڈ لینے کے لیے میل کی عمر کم از کم دس ماہ اور فی میل کی ایک سال تک ہونا چاہیے ۔ یا دونوں کی عمر دس ،گیارہ ماہ سے زائد ہو۔ جب بریڈ لینا ہو، تو پھر اِن کے پئیر بنا کر کیج بائی کیج کرتے جائیں۔ گولڈین فنچ سے بریڈ لینے کے لیے کیج کی لمبائی دو فٹ اور چوڑائی کم از کم ڈھیڈ فٹ تک ہونی چاہیے۔ کیج آپ لکڑی کا بھی استعمال کر سکتے ہیں اور لوہے کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ کیج میں سٹک ہمیشہ لکڑی کی استعمال کریں۔ کیج میں سٹک مظبوطی سے لگائیں تاکہ میٹنگ یعنی کراس کرتے وقت سٹک ہلے نہیں ہیں ورنہ انڈے انفرٹائیل ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ کوشش کریں سٹک دانے پانی کے برتن کے اوپر نہ ہو ورنہ ان کی بیٹھیں دانے یا پانی میں گریں گے جس سے فنچ بیمار ہو سکتی ہیں۔ کیج کی صفائی ہفتے میں ایک بار ضرور کیا کریں۔ ہو سکے تو ہر کلچ لینے کے بعد جراسیم مار سپرے بھی لازمی کیا کریں۔ سپرے میں وائرک یاجو بھی سپرے آپ کو آسانی سے مل جائے کر لیا کریں۔ اگر آپ کو سپرے نہیں مل رہا تو نیم کے درخت کے پتوں کو پانی میں ابال کر اُس پانی کا سپرے کر دیا کریں۔ کچھ نا کرنے سے تو بہتر ہی ہے۔ 

 گولڈین کے لیے فنچ سیڈ مکس

جنگلوں میں تو گولڈین فنچ گھاس کے بیج اور مختلف قسم کی جھاڑیوں کے پتے کھاتے ہیں۔ لیکن گھروں میں ہم اِن کو سیڈ مکس کھلاتے ہیں۔ گولڈین فنچ کے لیے بازار سے دانہ الگ الگ لے کر خود سیڈ مکس تیار کریں تو بہتر ہے۔سیڈ مکس تیار کرنے کے لیے دیسی باریک کنگنی ایک کلو، لال باریک کنگنی ایک کلو، گول گنگنی ایک کلو،چینا ایک کلو ، سوانگ ایک کلو، کنیری سیڈ ایک کلو استعمال کریں۔ اِن چھ دانوں کو آپ نے برابر مقدار میں لے کر مکس کر کے گولڈین فنچ کو کھلانا ہے۔ اگر آپ نے سیڈ مکس کم یا زیادہ تیار کرنا ہے تو اُس حساب سے تمام چیزوں کی مقدار کم یا زیادہ کر لیں۔ یہ سیڈ مکس کیج سے کبھی ختم نا ہونے دیں۔ گولڈین فنچ کو آپ کھلے برتن میں بھی سیڈ مکس ڈال کر کھلا سکتے ہیں ۔ اور چھوٹے سیڈ کے برتن میں بھی ڈال کر کھلا سکتے ہیں۔ لیکن جب آپ کہی سے نیا پرندہ لے کر آئیں تو کوشش کریں اُس کو ویسے برتن میں کھلائیں جس میں پرندہ پہلے سے دانہ کھانے کا عادی ہو۔ جب آپ کسی سے نیا پرندہ لاتے ہیں تو ایک تو پہلے ہی پرندہ نئی جگہ پر آنے کی وجہ سے سٹرس میں ہو تا ہے اُوپر سے دانے ،پانی کا برتن چھوٹا یا بہت بڑا لگائیں گے تو وہ کھائے پیئے گا نہیں ،تو بیمار ہو سکتا ہے۔

گولڈین فنچ کے لیے ایگ فوڈ

سیڈ مکس کے بعد ایگ فوڈ گولڈین کے لیے بہت ضروری ہے۔ گولڈین کے بڑے بریڈر پئیرکے لیے مختلف قسم کے وٹامن والا سوفٹ فوڈ بنا سکتے ہیں لیکن گولڈین کے بچوں ، بچوں والے پیئر اور بنگائز کے لئے سمپل ایک فوڈ تیار کریں۔ اگر بچے چھوٹی عمر میں تیز وٹامن وغیرہ کھا ئیں گے تو اُن کے پوٹ خراب ہو جاتے ہیں جس سے بچے ایکسپائر ہو جاتے ہیں۔ گولڈین فنچ کے بچوں کے لیے ایگ فوڈ تیار کرنے کا سمپل طریقہ یہ ہے کہ آپ کے پرندے جتنا ایگ فوڈ ایک دن میں کھاتے ہیں اُس حساب سے ایک یادو یا تین انڈوں کو دس منٹ تک اچھی طرح ابالیں۔ پھر گرینڈر سے یا کدوکش لے کر اچھی طرح کش کر لیں ۔ اِس میں ایک چمچ سمندری جھاگ کا پوڈر ایک چمچ مورنگا پوڈر مکس کر دیں ۔ دو یا تین چمچ K-T کی سیڈ یا کسی بھی کمپنی کی پرندوں کو ہینڈ فیڈ کروانے والی سیڈ اس میں مکس کر دیں۔ اِن چاروں چیزوں کو ہلکا سا مکس کر کے ایک سے ڈھیڈ چمچ سوفٹ فوڈ برتن میں ڈال کر تمام بچوں والے پئیر، یا چار ماہ سے کم عمر بچوں کو دیا کریں۔ ہو سکے تو شام سے پہلے بھی بچوں والے پئیر کو تھوڑا سا ایگ فوڈ دیا کریں تاکہ گولڈین اور بنگلائز بچوں کو اچھے سے فیڈ کروا سکیں۔ 

دوسری قسم کا ایگ فوڈ جو ہم گولڈین کے بڑے پئیر یا چار ، پانچ ماہ کے سلف بچوں کے لئے بناتے ہیں اُن کے لیے ڈبل روٹی کی سلائس یا رس لے کر اُسے اچھی طرح کرش کر کے اِسی ایگ فوڈ میں مکس کر کے کھلا دیا کریں۔ گولڈین کے بڑے پیئر کو ابلے ہوئے چاول بھی ایگ فوڈ میں مکس کر کے کھلا سکتے ہیں۔ بچوں والے پیئر کو چاول نہ کھلائیں بچوں کے پیٹ چاول کھانے سے خراب ہو سکتے ہیں۔ بڑے گولڈین کے ایگ فوڈ میں آدھے چمچ سے کم انڈے کے چھلکے کے چھلکوں کا پوڈر بھی ملا سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اگر آپ گریڈ الگ سے نہیں کھلا رہے تو تھوڑی سی گریڈ بھی اِس ایگ فوڈ میں مکس کر سکتے ہیں ۔ اگرآپ الگ سے گرین فوڈ نہیں کھلا رہے تو اِس میں چکندر یا گاجر کو کش کر کے مکس کر کے کھلا سکتے ہیں۔ یا پھر ہفتے میں ایک دن میتھی کے پتے، ایک دن لوسن کے پتے، ایک دن سلاد کے پتے،ایک دن پودینا کے پتے وغیرہ بھی ایگ فوڈ میں مکس کر کے کھلا سکتے ہیں۔اگر آپ نے ملٹی وٹامن ایگ فوڈ امیں شامل کرنے ہیں تو وہ بھی کسی بڑے بریڈر سے یا پرندوں کے ڈاکٹر سے پوچھ کر کھلا سکتے ہیں ۔ 

گولڈین فنچ کیلشیم

گولڈین فنچ کے لیے کیلشم والی گریڈ بھی بہت ضروری ہے۔ گولڈین کیونکہ مہنگا اور نازک پرندہ ہے اِس لیے کسی اچھی کمپنی کی کیلشیم والی گریڈ استعمال کریں۔ اور گریڈ کسی چھوٹے برتن میں ڈال کر ہر وقت کیج میں رکھا گریں۔ اِس کے علاوہ سمندی جھاگ کا ٹکڑا بھی گولڈین فنچ کے کیج میں ضرور رکھیں۔ اگر گریڈ آپ کے علاقے سے نہیں مل رہی تو کسی برڈ شاپ سے اچھا سا کیلشیم بلاک لے کر اُسے کونٹ کر پاؤڈر بنا لیں اور پھر اُس میں سمندری جھاگ کا پوڈر مکس کر کے کیج میں رکھ دیا کریں۔ 

گولڈین فنچ کے لیے گرین فوڈ اور سپراؤٹ

گولڈین فنچ کی اچھی صحت کے لئے گرین فوڈ بہت ضروری ہے۔ گرین فوڈ الگ سے بھی کھلا سکتے ہیں اور ایگ فوڈ میں مکس کرکے بھی کھلا سکتے ہیں۔ گرین فوڈ میں مکئی کی تازہ اور دودھیا نرم چھلی ، گاجر یا چکندر کو کش کر کے کھلا سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ لوسن کے پتے ، میتھی کے پتے ،سلاد کے پتے،نیم کے درخت کے پتے ، پالک کے پتے ، پودینہ کے پتوں کو پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد چھوٹا چھوٹا کاٹ کر کھلا سکتے ہیں۔ ہفتے میں ایک دن ابلے ہوئے آلو بھی کش کر کے کھلا سکتے ہیں۔ اور گرمیوں کے موسم میں کدو بھی کش کر کے کھلا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دانوں کا سپراوٹ بھی گولڈین فنچ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ سپراوٹ تیار کرنے کے لیے ثابت سبز مونگ ، گندم اور باریک باجرہ یہ تینوں چیزیں برابر مقدار میں لے کر پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد، ایک چمچ سیب کا سرکہ شامل کر دیں اور تقریباََ آٹھ گھنٹے کے لیے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ پھر ہوادار چھابی یا برتن لے کر اُس کے اُوپر کپڑا گیلا بچھا کر دانوں کی باریک تہہ لگا کر گیلے کپڑے سے ڈھانپ دیں۔ چھابی کو کسی پانی والے برتن کے اوپر رکھیں تاکہ دانوں کو نیچے سے بھی نمی ملتی رہے۔ پھر ہر روز صبح اور شام دانوں پر پانی چھڑکیں ۔ جو پانی چھڑکنا ہے اُس میں بھی ایک چمچ سیب کا سرکہ ضرور شامل کریں۔ تاکہ دانوں کو فنگس نہ لگے۔ تقریباََ تین، چار دن بعد دانوں کے سپراؤٹ بننا شروع ہو جائیں گے۔ یہ سپراؤٹ ، گولڈین اور بنگلائز فنچ کو ایک دن کے وقفے سے صبح کو دیا کریں۔ باقی سپراؤٹ پر سیب کے سرکے والا پانی ڈال کر گیلے کپڑے سے ڈھانپ دیا کریں۔ سپراؤٹ آپ نے اتنا تیار کرنا ہے جتنا فنچ تین چار دن میں کھا کر ختم کر دیں زیادہ دن سپراؤٹ پڑا رہے تو اُس میں فنگس لگنا شروع ہو جاتی ہے۔ 

گولڈین فنچ کے انڈے فوسٹر کرنے کا طریقہ

اگر گولڈین کے انڈے فوسٹر کرنے ہیں یا بچوں کو روزانہ ہینڈ فیڈ کروانا ہے تو بہتر یہی ہے کہ اِن کے بوکس کیج کے باہر لگائیں۔ تاکہ آپ آسانی سے بچوں کو ہنڈ فیڈ یا اِن کے انڈے فوسٹر کر سکیں۔ عام طور پر گولڈین فنچ چار سے چھ انڈے دیتی ہے۔ جب گولڈین فنچ اپنا کلچ پورا کر لے تو گولڈین کے انڈے اٹھا کر بنگلائیز کے نیچے رکھتے جائیں اور جتنے انڈے گولڈین سے اٹھائیں اُن کی جگہ اُتنے ہی خراب انڈے نشان لگا کر یا پھر بازار سے فنچ کے پلاسٹک کے ڈمی ایگ ملتے ہیں، وہ لے کر گولڈین کے نیچے رکھتے جائیں ۔یا پھر بنگلائز کے جن انڈوں سے بچے نہیں نکلوانے ،اُن کو نشان لگا کر گولڈین فنچ کے نیچے رکھتے جائیں۔ جب گولڈین فنچ انڈے دے رہی ہوں تواگر روزانہ انڈا اُٹھا کر اُن کا گھونسلہ خالی کر یں گے ،تو ایک دم سے اپنا گھونسلہ خالی دیکھ کر فنچ سڑس میں آجاتی ہیں،اور انڈے دینا بند کر سکتی ہیں۔ اِس لیے خراب یا ڈمی ایگ یا بنگلائز کے وہ انڈے ،جن سے بچے نہیں نکلوانے وہ گولڈین کے نیچے ضرور نیچے رکھا کریں۔ تقریباََ دس دن تک انڈوں کو گولڈین کے بوکس میں ہی رہنے دیں تاکہ گولڈین سٹرس میں نہ آئے اور گولڈین کو ریسٹ بھی مل سکے۔ دس بارہ دن بعد سارے انڈے اُٹھا لیا کریں۔ تاکہ گولڈین فنچ دوبارہ انڈے دینا سٹارٹ کردیں۔ گولڈین فنچ کے ایک پئیر کے انڈے فوسٹر کرنے کے لیے بنگلائز فنچ کے کم از کم تین سے چار اڈلٹ پئیر ساتھ رکھنا ضروری ہیں۔ کوشش کریں بنگلائز کے ٹرایو لگاکر اُن کے نیچے گولڈین کے انڈے فوسٹر کیا کریں، یعنی تین اڈلٹ بنگلائیز کو ایک کیج میں رکھ کر اُن کے نیچے انڈے فوسٹر کر یں ، تاکہ تینوں مل کر انڈوں کو ہیچ کر کے بچوں کو اچھے سے فیڈ کروا کر پالیں۔

گولڈین فنچ کے لیے ہیڈ فیڈ 

 جن پیئر سے آپ نے گولڈین فنچ کے بچے پلوانا ہیں اُن کے بوکس ہمیشہ کیج کے باہر لگائیں یا ایسی جگہ لگائیں جہاں سے آپ روزانہ بچوں کوچیک کر سکیں کہ گولڈین نے اپنے بچوں کو فیڈ کروائی ہے یا نہیں۔ اگر فیڈ نہیں کروائی تو آپ بوکس میں بچوں کو آسانی سے ہینڈ فیڈ کروا سکیں۔ اور جن گولڈین سے آپ نے صرف انڈے لینا ہیں اُن کے بوکس کیج کے اندر بھی لگا سکتے ہیں۔ہنڈ فیڈ کرونے کے لیے آپ K-T کی یا کسی اچھی کمپنی کی فیڈ لیں اور جتنی فیڈ آپ کے گولڈین کے بچے ایک وقت میں کھاتے ہیں اتنی لے کر اس طرح کا پیسٹ بنا لیں جو نہ زیادہ گھاڑا ہو اور نہ زیادہ پتلا ہو۔ اور زیادہ ٹھنڈا یا زیادہ گرم بھی نہ ہو۔برڈ شاپ سے فنچ کو ہینڈ فیڈ کروانے والی سرنج لے کر یا کسی ڈاکٹر کی شاپ سے سرنج لے کر اُس میں یہ لیکوڈ ڈال کر جن گولڈین کے بچوں کے پوٹ خالی نظر آئیں اُن کو صبح اور شام کو تھوڑی تھوڑی فیڈ کروایا کریں ۔ بہت زیادہ فیڈ نہیں دینا ورنہ بچے ایکسپائر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ بچوں کے منہ کے پاس سرنج لے کر جائیں تو منہ کھول کر فیڈ لے لیتے ہیں ۔ لیکن اگر بڑے بچے یا کوئی بیمار برڈ ہو گا تو آپ سے ڈرے گا منہ نہیں کھولے گا ۔ایسے پرندوں کو فیڈ کرانے کے لیے پرندوں کو فیڈ کروانے والی برڈ شاپ سے سرنج لے کر پرندے کو ہاتھ میں پکڑ کر فیڈ کروائیں۔ باقی بچی ہوئی فیڈ ضائع کر دیا کریں۔ اور سرنج کو اچھی طرح سے دھو کر دوبارہ استعمال کر لیں۔ 

گولڈین فنچ بریڈنگ ٹپس 

 گولڈین فنچ میں میل کی عمر دس ماہ سے زائد ہو اور فی میل کی ایک سال سے زیادہ ہو یا دونوں کی عمر تقریباََ ایک سال تک ہو تو انڈے انفرٹائل نہیں دیتے بریڈ بھی بہت اچھی کرتے ہیں۔ اور مادہ کے ایگ بائنڈنگ کی وجہ سے ایکسپائر نہیں ہوتی۔ اگر آپ نے گولڈین کے پئیر کہی سے لیے ہیں اور آپ کو اُس کی عمر کا پتا نہیں،تو جب گولڈین اپنا مولٹ کلیئر کرتے ہیں تو میل کی دم کے درمیان ایک باریک سی دم باہر نکل آتی ہے اس کے علاوہ گولڈین کا سر اگر کالا، سرخ، اورنج یا گرے یعنی جس کلر کا گولڈین کا سر ہو گا اُس کی چونچ کے کچھ حصے میں وہی کلر ظاہر ہونے لگے گا ۔ دم اور چونچ کو دیکھ کر آپ آسانی سے سمجھ سکتے ہیں گولڈین اڈلٹ ہو کربریڈ لینے کے قابل ہوئی ہے یا نہیں۔ گولڈین فنچ سے اکتوبر سے اپریل کے مہینوں تک بریڈ لینا چاہیے۔ اگر آپ نے زیادہ سردی اور گرمی سے بچانے کے لیے کنٹرول شیڈ یا کمرہ بنایا ہوا ہے تو سارا سال بھی گولڈین سے بریڈ لے سکتے ہیں۔ لیکن اِن کی صحت کے لیے بہتر یہی ہے کہ مئی ،جون، جولائی کے مہینوں میں اِن سے بریڈ نا لیں۔ گولڈین فنچ کے لیے ہوا میں نمی کا تناسب چالیس سے ساٹھ تک ہونا چاہیے اور ٹمپریچر 24 سے 30 تک ہو تو بہتر ہے۔ اِس سے کم یا زیادہ ہمیونٹی اور ٹمپریچر گولڈین کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ سرد ہوا اور گرمیوں کی تیز دھوپ سے گولڈین کو بچا کر رکھیں۔ گولڈین فنچ کو بلکل بند کمرے میں بلب کی روشنی میں نہ رکھیں ،بلکہ کمرہ ایسا ہو جہاں بلب کی روشنی کے علاوہ سورج کی روشنی آتی ہو، اور صبح یا شام کی ٹھنڈی دھوپ اِن کو لگے سورج کی روشنی میں یہ بہتر بریڈ کرتے ہیں اور اِن کے پر خوبصورت اور چمکدار ہوتے ہیں۔ بہت سی فنچ جب پہلی بار انڈے دیتی ہیں تو اپنے انڈوں کو ہیچ نہیں کرتی ۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اگلے کلچ میں خود ہی ہیچ کرنا شروع کر دیتی ہیں۔ کوشش کریں جب پہلی بار گولڈین انڈے دے تو گولڈین کے انڈے بنگلائز کے نیچے اور بنگلائز کے انڈے گولڈین کے نیچے رکھ کر انڈے ہیچ کروا کر بچے پلوائیں۔ یعنی گولڈین کے مہنگے انڈوں پر تجربہ کرنے کی بجائے بنگلائز کے سستے انڈے گولڈین کے نیچے رکھیں۔ اِس طرح آپ کو یہ پتہ چل جائے گولڈین کے کون سے پیئر اپنے بچے خود اچھے سے پالتے ہیں اور کون سے نہیں۔ 

گولڈین فنچ کی بیماریاں اور اُن کا علاج

اللہ نہ کرے آپ کے گولڈین کو کوئی بیماری لگے ۔ اور آپ کو اِن ادویات کی ضرورت پڑے لیکن اگر بیمار ہو جائیں تو اُن کے علاج کرنے کا طریقہ آپ کو آنا چاہیے۔جب ہم نیا پرندہ لے کر آتے ہیں تو نئی جگہ نئے ماحول کو دیکھ کر پرندہ سٹرس میں چلا جاتا ہے نئے برڈ کو سپارک یا ساموسٹرس دو دن تک استعمال کروائیں ۔ اگر سپارک نہیں تو نئے پرندے کو وبرامائسین ایک لیٹر پانی میں ایک گرام یعنی آدھے کیپسول سے بھی کم مکس کر کے دیں۔ کیج اور دانے پانی کی کے برتن کی صفائی نہ کرنے کی وجہ سے گولڈین کو مائیٹس پڑ جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے گولڈین اپنے پروں میں خارش کرتا رہتا ہے۔ کھانا کم کھاتا ہے اور کمزور ہو کر ایکسپائر ہو جاتا ہے۔ مائٹس کے خاتمے کے لیے گولڈین کو ہر دو مہینے بعد Scatt استعمال کروائیں۔ اپنے ہاتھ اچھی طرح دھونے کے بعد تھوڑا سا سکیٹ اپنی انگلی پر لگا کر گولڈین کی ٹانگوں پر اور سینے پر انگلیوں کو مس کر کے لگا دیں اگر آپ کو لگے مائیٹس زیادہ ہیں تو پروں کے نیچے بھی Scatt لگا دیں۔ سکیٹ آپ نے سلف بچے یعنی جن کی عمر ڈھیڈ ماہ ہو اُن بچوں سے لے کر تمام گولڈین بریڈر جوڑوں کو بھی ہر دو یاتین مہینے بعد استعمال کرنا ہے۔ Scatt نہ ملے تو اُس کی جگہ آئروجن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔گولڈین کے بچے جب بنگلائز سے الگ کریں تو فوراََ رونیویٹ استعمال کروائیں۔ کنکر کی بیماری کے لیے رونیویٹ 12% استعمال کریں ۔زیادہ تر لوگ گولڈین کے بچے بنگلائز سے پلواتے ہیں۔ یہ بیماری بنگلائز سے گولڈین میں منتقل ہو جاتی ہے۔ اِس لیے بنگلائز کو بھی رونیویٹ 12% دو ماہ بعد ضرور استعمال کروایا کریں۔ اگر گولڈین بہت زیادہ کمزور نظر آ رہا ہو یا پھر پر پھولا کر بیٹھا ہو یا پرندے کو سوکڑے کی بیماری ہو جائے تو ٹرپل سی استعمال کروئیں۔ کچھ گولڈین فنچ اپنے پروں کو پلکنگ کرتے رہتے ہیں ۔اور اپنے پر جھاڑ لیتے ہیں ایسے پرندوں کو لیکوڈ آیوڈیوین پانی میں ملا کر پلائیں، یا پھر کیلشم کو سوفٹ فوڈ وغیرہ میں مکس کر کے کھلائیں۔چوتھے نمبرپرانڈے انفرٹائل دینے کی بیماری ہے۔اگر گولڈین فنچ سے سات، آٹھ ماہ کی عمر سے پہلے بریڈ لیں تو زیادہ تر گولڈین انڈے انفرٹائیل دیتے ہیں۔ ہمیشہ گولڈین سے ایک سال یا کم از کم دس ماہ کی عمر کے بعد بریڈ لیا کریں۔ اگر عمر پوری ہے پھر بھی انڈے انفرٹائل دے رہا ہے تو چیک کریں کیج میں سٹک مضبوطی سے لگی ہوئی ہو۔انڈے انفرٹائیل دینے کی سب سے بڑی وجہ وٹامن Eکی کمی ہوتی ہے۔ بازار میں پرندوں کے لیے وٹامن E کی کافی میڈیسن دستیاب ہیں۔ جیسے نیکٹون ای، امونوٹون، مائلق ای ایس فرٹی وٹ یا ان میں کوئی بھی پرندوں کو کھلانے والی وٹامن E والی میڈیسن لے کر استعمال کر سکتے ہیں ۔ اِن کا زرلٹ آپ کو اچھا ملے گا۔جو لوگ یہ میڈیسن نہیں لے سکتے تو پھر سب سے سستہ حل یہ ہے کہ وٹامن E والا ایویان کیپسول لے کر ایگ فوڈ میں مکس کرکے ایک دن کے وقفے سے کھلا دیا کریں۔ ایویان کیپسول یا کوئی بھی گرم لیکوڈ آپ نے بہت زیادہ گرمی کے موسم میں نہیں دینا۔ اکثر فی میل ایگ بانڈنگ کی وجہ سے ایکسپائر ہو جاتی ہیں۔ بریڈنگ سیزن میں ہفتے میں دو بار اور گرمیوں میں ہفتے ایک بار ہ زیتون کا تیل، یا کولڈ لیور آئل جو بھی آپ کو آسانی سے مل جائے سوفٹ فوڈ میں تین چار قطرے مکس کر کے کھلایا کریں۔اچھی بریڈ لینے کے لیے دو دن وٹاسول سوپر ڈھیڈ لیٹر پانی میں ایک گرام مکس کر کے پانی پلائیں ۔ پھر دو دن سادہ پانی او ر پھر دو دن الیکٹرولائٹس والا پانی۔ اور ہفتے میں ایک دن ایک لیٹر پانی میں ایک چمچ سیب کا سرکا مکس کر کے پلائیں۔ جس گولڈین کے پیئر نے انڈے دینا شروع کر ہوں اور آپ نے اُسی پیئرسے انڈے ہیچ کروا کر بچے پلوانے ہیں تو اُس کو وٹاسول سوپر بند کر دیں۔ ورنہ گولڈین بچے سلف کرنے سے پہلے دوبارہ ہیٹ پر آ جائیں گے اور اپنے پچوں کو فیڈ کروانے کی بجائے نئے انڈے دے کر ہیچنگ شروع کر دیں گے ۔ اگر آپ نے گولڈین سے صرف انڈے لینے ہیں۔ یعنی گولڈین سے انڈے لے کر بنگلائز کے نیچے فوسٹر کرتے جانا ہے تاکہ گولڈین سے زیادہ سے زیادہ بریڈ لی جائے تو پھر وٹاسول سوپر بند نہ کریں ۔زیادہ تر فنسیر نے گولڈین کو ان ڈور کمروں میں رکھا ہوا ہے۔ دھوپ نہ لگنے کی وجہ سے وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی ہو جاتی ہے جس کو پورا کرنے کے لیے ڈی نیوٹریکل استعمال کریں۔ اور ساتھ کیلشم پی سیرپ بھی ہفتے میں دو بار ایک لیٹر پانی میں آدھا چمچ مکس کر کے دے سکتے ہیں۔ کوشش کریں سال میں زیادہ سے زیادہ سات آٹھ کلچ لیں۔ جو حضرات کہتےہیں ہم چودہ پندرہ یا بیس کلچ لیتے ہیں ۔ تو اُن بریڈر حضرات سے میں ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں۔ ایک تو لوگ پہلے ہی گولڈین کو رکھنے سے ڈرتے ہیں کیونکہ گولڈین ایک نازک پرندہ ہے اُوپر سے آپ زیادہ بریڈ لینے کے چکر میں تیز وٹامن کھلا کھلا کر پرندوں کو اور اِن کی آنے والی نسلوں کو تباہ کررہے ہیں۔ جب ایسے پرندے بیمار ہوتے ہیں تب آپ تو اُنہیں دوایاں کھلا کر بچا لیں گے لیکن نئے فنسیر کے پاس جب ایسے پرندے جا کر ایکسپائر ہوں گے تو وہ یہ ہابی چھوڑ جائیں گے ۔ خدا کے لیے بڑے بریڈرز حضرات زیادہ دولت کمانے کے چکر میں لالچ نا کریں ۔ تھوڑا کھا لیں ستھرا کھا لیں۔ سونے کا انڈا دینے والی مرغی کو ذبع نہ کریں۔جب پرندے ایکسپائر ہونے کے ڈر کی وجہ سے خریدار ہی نہیں ہو گا تو آپ بھی یہ ہابی چھوڑ دیں گے۔ 

پوسٹ پسند آئے تو دوستوں سے شئیر کریں

Tags

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)